اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی نے سنیچر کی رات فوج کے بعض کمانڈروں سے ملاقات میں تمام عراقیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ داعش کے خلاف جنگ میں فوج کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کریں- حیدرالعبادی نے داعش کے خلاف مشترکہ آپریشنل کمانڈ کے ہیڈکوارٹر کا دوہ کیا تھا- انھوں نے اس دورے میں کمانڈروں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے میدان جنگ میں پے درپے شکست کے بعد افواہیں پھیلانا شروع کر دی ہیں-
عراقی وزیر اعظم نے تاکید کے ساتھ کہا کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کو دہشتگـردوں پر ضرور کامیابی حاصل ہوگی- دوسری جانب عراق کی رضا کار فورس کے ترجمان کریم النوری نے بھی داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی مسلح افواج، قبائل اور عوامی رضاکار فورس کے باہمی تعاون کی اہمیت پر تاکید کی- کریم النوری نے العالم ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے صوبہ الانبار کے ایک ہزار سے زیادہ سنی قبائلی جوانوں کے رضا کار فورس میں شامل ہونے کے بارے میں کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ ہمارے عوام داعش کے خلاف جنگ میں رضاکار فورس کی اہمیت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں-
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان کریم نوری نے اس فورس کی قربانیوں کو نظر انداز کرنے اور اس کے خلاف موقف اختیار کرنے والے بعض سیاسی حلقوں پر تنقید کی- کریم النوری نے تاکید کے ساتھ کہا کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے زیرنگرانی کام کرتی ہے اور داعش کے خلاف کاروائی کے طریقہ کار اور اس کے وقت کے بارے میں ہم خود فیصلہ کرتے ہیں-
.......
/169